ایتھنز (این این آئی)یونانی حکام نے کہا ہے کہ ترکی کے ایک ملٹری بلیک ہاک ہیلی کاپٹر نے یونان کے شمالی علاقہ الیگزینڈروپولی میں لینڈنگ کی ٗحکام کے مطابق ہیلی کاپٹر میں 8فوجی اہلکار سوار تھے جنہوں نے یونان میں سیاسی پناہ کی درخواست کردی ۔تفصیلات کے مطابق ترکی میں مارشل لا کی کوشش ناکام ہونے کے بعد مبینہ طور پر باغیوں کے ایک گروپ نے فرار ہو کر یونان میں سیاسی پناہ کی درخواست کر دی ہے۔یونانی میڈیا کے مطابق ایک ترک ملٹری ہیلی کاپٹر نے یونان کے شمالی علاقہ میں لینڈ نگ کی جس میں آٹھ فوجی اہلکار سوار تھے۔یونانی حکام کے مطابق ان آٹھوں افراد نے یونان میں سیاسی پناہ کیلئے درخواست دائر کردی ہے ۔حکام نے بتایا کہ سوار8اہلکاروں کوگرفتارکرلیاگیا۔دوسری جانب ترک وزیرخارجہ نے یونان سے8اہلکاروں کی واپسی کامطالبہ کردیاہے۔