انقرہ (این این آئی)ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کو جمہوری تاریخ کا سیاہ دھبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ باغیوں کو عبرتناک سزا ملے گی ٗترکی میں 90 فیصد حالات قابو میں ہیں، کچھ کمانڈرز اب بھی باغی فوج کے قبضے میں ہیں ٗجاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں ٗ اپنی سکیورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ٗ ہر سال 15جولائی کو جمہوریت کا جشن منایا جائیگا ۔فوجی بغاوت ناکام ہونے کے بعد ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ باغیوں کو عبرتناک سزا ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پرتشدد واقعات میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، اپنی سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ٗ ہرسال 15جولائی کو جمہوریت کا جشن منایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو قوم نے بہترین جواب دیا ٗترکی میں 90 فیصد حالات قابو میں ہیں، کچھ کمانڈرز اب بھی باغی فوج کے قبضے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات کا واقعہ ترکی کی جمہوری تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے ٗ اس معاملے پر جلد پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بغاوت میں شامل افراد کی گرفتاریاں اب بھی جاری ہیں ٗآئین میں سزائے موت کی گنجائش نہیں تاہم ہم بعض قانونی تبدیلیاں کریں گے تاکہ ایسا دوبارہ نہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی ملک فتح اللہ گولن کا حامی ہے وہ ترکی کا دوست نہیں ہوسکتا اور اسے ترکی کے ساتھ حالت جنگ میں تصور کیا جائے گا۔