بدخشاں (آئی این پی ) افغانستان کا صوبہ بدخشاں دہشت گردوں کے مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا نے بدخشاں کے گورنر احمد فیصل بیکزاد کے ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ سیکڑوں دہشت گرد عناصر اس صوبے میں بڑے بڑے اڈے بنا رہے ہیں، احمد فیصل بیکزاد نے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کے ساتھ ملاقات کے موقع پر بتایا کہ تین سو سے زیادہ غیر ملکی دہشت گرد صوبہ بدخشاں میں موجود ہیں کہ جنہوں نے طالبان کے زیر کنٹرول علاقوں میں دہشت گردی کے مراکز قائم کر رکھے ہیں۔ صوبہ بدخشاں کے گورنر نے بتایا کہ اس صوبے کی سب سے بڑی مشکل لوگوں کی غربت ہے، انہوں نے کہا کہ پینسٹھ فیصد افراد ایسے ہیں جو غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزا رہے ہیں۔ صوبہ بدخشاں کے گورنر کے بیان کے پیش نظر افغانستان میں غیر ملکی دہشت گردوں کی موجودگی ایک سنجیدہ خطرہ تصورکی جاتی ہے، افغانستان میں غیر ملکی دہشت گردوں کی موجودگی کی ایک بڑی وجہ ان کا نظریاتی ہونا ہے۔ جبکہ بطور تنخواہ بڑی بڑی رقومات کی فراہمی، افغانستان میں ان کی موجودگی کا ایک بڑا محرک شمار ہوتی ہے۔