نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں گیارہویں جماعت کے امتحانات میں بڑے پیمانے پر نقل سے تعلیمی نظام کا پول کھل گیا۔ بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاست جھاڑکھنڈ کے ایک کالج میں 11 ویں جماعت کے طلبہ و طالبات دھڑلے سے کھلے عام کتابیں سامنے رکھ کر انتہائی سکون سے نقل کرتے ہوئے پائے گئے جبکہ وہاں ڈیوٹی پر موجود ٹیچر نظریں ہٹالیتے یا نظریں بچا لیتے ہیں۔میڈیا کے مطابق جب ٹیچر سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تو کسی کو نقل کرتے ہوئے دیکھا ہی نہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ایساہی واقعہ بھارتی ریاست بہار میں بھی پیش آیا تھا جہاں بارہویں جماعت میں ٹاپ کرنے والی طالبہ کی قابلیت کا پول کھل گیا تھا تھا جس نے نقل کرکے امتحانات میں پوزیشن لی تھی اور دوبارہ امتحان لینے پر طالبہ کامیاب بھی نہ ہوسکی جس کے بعد اسے دیگر پوزیشن ہولڈروں کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا تھا۔