ریاض(آئی این پی) سعودی عرب کے شہر قطیف میں مسجد کے قریب خودکش حملہ ہوا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جب کہ مدینہ منورہ میں سیکیورٹی ہیڈ کوارٹر کے قریب خود کش دھماکہ ہوا جس میں خود کش بمبار ہلاک ہو گیا جب کہ دھماکے کے نتیجے میں چار سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہو گئے ۔ سعودی وزارت داخلہ نے قطیف اور مدینہ منورہ میں خود کش بم دھماکوں کی تصدیق کر دی ۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف میں خودکش حملہ ہوا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم حملے کے بعد ریسکیوٹیموں نے علاقے میں پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق دھماکا نماز مغرب کے وقت ہوا جب خودکش حملہ آور نے مسجد کے دروازے پر آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کے وقت علاقے میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دھماکے کی آواز ایک سے 2 کلو میٹر تک سنی گئی جب کہ دھماکے کے بعد علاقے کو مکمل طو پر سیل کردیا گیا اور سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔العربیہ نیوز چینل کے مطابق مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے قریب چیک پوسٹ پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب کہ دھماکے کا ہدف مسجد نبوی کی کارپارکنگ کا ایریا تھا، دھماکا افطار کے وقت ہوا جب سیکیورٹی اہلکار افطار کرنے میں مصروف تھے۔سعودی میڈیا کے مطابق دھماکے میں حملہ آور ہلاک اور 4سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔دوسری جانبسعودی وزارت داخلہ نے مدینہ منورہ اور قطیف میں خود کش حملوں کی تصدیق کردی ۔ سعودی حکام کا کہنا تھا کہ حملہ آور نے مدینہ منورہ میں سیکیورٹی ہیڈ کوارٹر کے قریب خود کو دھماکہ خیز مواد کے ساتھ اڑایا ۔