لندن(این این آئی)برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے خلاف ’’آتش فشاں‘‘ پھٹ پڑا،لندن میں ہلچل،ہفتے کے روز برطانوی دارالحکومت میں سینکڑوں افراد نے برطانیہ کے یورپی یونین سے آئندہ اخراج کے خلاف مظاہرہ کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانیہ میں یورپی یونین کی رکنیت کے حوالے سے ہونے والے حالیہ ریفرنڈم نے اس موضوع پر عوام میں پائی جانے والی خلیج مزید گہری کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہزاروں افراد ہفتے کے روز لندن میں پارک لین سے پارلیمنٹ ہاؤس تک مارچ کرتے ہوئے گئے اوربریگز ٹ کے خلاف نعرے بلند کیے ۔ رواں ہفتے کے دوران یہ دوسرا موقع ہے کہ لندن میں اس طرز کا احتجاج کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب بتایا جا رہا ہے کہ فی الحال برطانوی حکومت یورپی یونین سے اخراج کے لیے لزبن معاہدے کے آرٹیکل پچاس کو لاگو کرنیکا ارادہ نہیں رکھتی اور اس میں مسلسل تاخیر پیدا کر رہی ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ برطانیہ جلد از جلد اس آرٹیکل کا نفاذ عمل میں لائے، تاکہ بے یقینی کی کیفیت ختم ہو۔