تہران(این این آئی)ایران نے عراقی کردستان کو دھمکی دی ہے کہ اگر اربیل حکومت نے ایرانی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کی مسلح کارروائیوں پر روک نہ لگائی تو اسے تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ دھمکی ایرانی پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر جنرل حسین سلامی کی زبانی سامنے آئی۔ کردستان ڈیموکریٹک پارٹی ، ایرانی کردستان میں موجود پاسداران انقلاب کی فورسز کے خلاف جھڑپوں کے سلسلے میں عراقی کردستان سے اپنی کارروائیاں کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ عراقی کردستان سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلح دہشت گرد عناصر” کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے نہیں تو ایران خود یہ کام سرانجام دے گا۔سلامی نے کہا کہ ہم علاقے میں کٹھ پتلی تنظیموں اور شمالی عراق کے سیاسی ذمہ داروں کو خبردار کررہے ہیں کہ وہ اپنی پابندیوں کی پاسداری کریں اس لیے کہ ہم بلا امتیاز ہر اْس نقطے کو تباہ و برباد کردیں گے جہاں سے ہمارے نظام کے خلاف خطرات نکلیں گے۔ایرانی عسکری ذمہ دار کی دھمکی کے جواب میں عراقی کردستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ان دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہیں جو جنرل سلامی کو زیب نہیں دیتیں۔ ہمارے نزدیک یہ عراقی کردستان کی حکومت اور ایران کے درمیان پرانے دوستانہ تعلقات کے لیے مناسب نہیں۔