واشنگٹن(این این آئی)ڈھاکا کے ریسٹورنٹ میں حملے کے بعد امریکا نے بنگلادیش میں اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔میڈیار پورٹس کے مطابق ایک بیان میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہاکہ ڈھاکا میں تمام امریکی محفوظ ہیں ۔ترجمان محکمہ خارجہ نے بنگلادیش اور خاص کر ڈھاکا میں موجود اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محفوظ مقام کا رخ کریں اور کسی مجمع میں جانے سے گریز کریں۔مسلح افراد کا نشانہ بننے والا ریسٹورنٹ امریکی سفارت خانے سے ڈیڑھ کلومیٹر دور ہے۔ امریکی حکام کاکہنا تھا کہ ڈھاکا میں تمام امریکی شہری اور سفارتی عملہ خیریت سے ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر براک اوباماکو ڈھاکا میں ریسٹورنٹ پر حملے سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے ۔استنبول ائرپورٹ اور ڈھاکا میں ریسٹورنٹ پرحملے کے بعدامریکا میں تمام ائرپورٹس پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ۔ نیویارک میں چار جولائی کو یوم آزادی کے موقع پر دھماکا خیز مواد کا سراغ لگانے والے تربیت یافتہ کتے تعینات کیے جائیں گے، امریکا میں چار جولائی کو یوم آزادی کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے باعث سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں ۔واشنگٹن، بوسٹن، شکاگو اور ڈیلاس سمیت دیگر شہروں میں ائرپورٹس پر مسافروں کو سخت چیکنگ کے عمل سے گزارا جا رہا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔نیویارک شہر میں چار جولائی کو یوم آزادی کی تقریبات کی سیکیورٹی کے لیے دھماکا خیز مواد کا سراغ لگانے والے کتے تعینات کیے جائیں گے ۔شہر میں سیکیورٹی کے لیے ہزاروں پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری کے ساتھ انسداد دہشت گردی یونٹ کے اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے ۔