لندن (این این آئی)لندن کے سابق میئر بورس جانسن نے کہا ہے کہ وہ رخصت ہونے والے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی جانشینی کے امیدوار نہیں ہوں گے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق بورس جانسن کی طرف سے وزارت عظمیٰ کی امیدواری سے دستبرداری کے اعلان کو بریگزٹ کے حق میں ووٹنگ کے ردعمل میں ڈیوڈ کیمرون کے استعفیٰ کے بعد سب سے بڑی حیرت انگیز سیاسی خبر قرار دیا جا رہا ہے۔بورس جانسن کے اس اعلان کے بعد اب کیمرون کے جانشین کے طور پر خاتون وزیر داخلہ تھیریسا مے یا پھر وزیر انصاف مائیکل گوو کی تقرری کے امکانات زیادہ روشن بتائے جا رہے ہیں۔ تاہم جائزے کے مطابق مطابق یورپی یونین میں شامل رہنے کی حامی وزیر داخلہ تھیریسا مے کیمرون کی جانشین کے طور پر زیادہ فیورٹ ہوں گی۔بورس جانسن نے لندن کے ایک لگڑری ہوٹل میں اپنے ساتھیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ساتھیوں سے مشورے اور پارلیمان کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ وزیر اعظم وہ نہیں ہو سکتے۔