ریاض (این این آئی)سعودی عرب،تارکین وطن سے اہم ذریعہ معاش چھین لیاگیا، ریاض میں 100 اور مکہ مکرمہ میں موبائل کی 17 دکانوں کو سر بمہر کر دیا گیا۔ دکانیں بند کرنیوالوں کو پانچ دن کی مہلت دیدی گئی۔ غیر ملکی موبائل کا کاروبار کرنیوالے کسی دوسرے کاروبار میں منتقل ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں موبائل مارکیٹوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاض میں 100 اور مکہ مکرمہ میں 17 دکانیں سربمہر کر دیں۔ سعودی عرب میں موبائل کی دکانیں بند کرنیوالے مالکان کو انتباہ دیا گیا ہے کہ 5 دن کے اندر اندر کاروبار شروع کریں یا مارکیٹ سے آؤٹ ہو جائیں۔ سعودی نائب وزیر محنت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موبائل مارکیٹ سعودائیزیشن کا فیصلہ ریاستی اختیار کے تحت کیا گیا ہے۔ موبائل کا کاروبار کرنیوالے غیر ملکی ریٹیل کا کوئی کاروبار کر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق کوئی بھی کاروبار کرنیوالا اپنا کاروبار تبدیل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پورا اعتراف ہے کہ غیر ملکی کارکنوں نے سعودی معیشت کی بہتری میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ وزارت محنت ان کارکنان کے حقوق کا پورا پورا تحفظ کریگی تاہم موبائل کے شعبے میں وہ کام نہیں کر سکتے۔ سعودی عرب کی لیبر مارکیٹ میں طلب موجود ہے۔ اسی لئے مسلسل لیبر ویزے جاری ہو رہے ہیں۔