مکہ مکرمہ(مانیٹرنگ ڈیسک)مکہ مکرمہ گورنری کے زیراہتمام حج وعمرہ سروسز کے نگراں ادارے نے کہاہے کہ ماہ صیام کے پہلے ایام میں مسجد حرام کی طرف معتمرین اور زائرین کو لانے کے لیے 1 لاکھ 21 ہزار گاڑیوں کا استعمال کیا گیا جن کے ذریعے کم سے کم تین ملین سے زاید زائرین کو مسجد حرام تک پہنچایا گیا۔عرب ٹی وی کے مطابق اماری مکہ کے شعبہ تعلقات عامہ و اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال بیت اللہ کی زیارت کے لیے آنے والے مقامی اور غیرملکی زائرین کی تعداد گذشتہ ماہ صیام کی نسبت زیادہ ہے۔ 1436ھ کے ماہ صیام کے پہلے دو ایام میں 1 لاکھ 11 ہزار گاڑیوں پر دو ملین سے زاید زائرین خانہ کعبہ پہنچے تھے جبکہ رواں سال زائرین کو لانے والی گاڑیوں کی تعداد میں 8 فی صد جب کہ زائرین کی تعداد میں 13 فی صد اضافہ ہوا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل کی جانب سے زائرین کی مسجد حرام تک رسائی یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور ان کی ہدایات اور حکمت عملی کی روشنی میں زائرین اور متعمرین کی نقل وحمل کا سلسلہ جاری ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ پہنچنے والے زائرین کو مسجد حرام تک پہنچانے کے لیے 1500 بڑی بسوں، ٹیکسی کاروں، ویگنوں اور الیکٹرک گاڑیوں کا اہتمام کیا گیا ہے جن کے ذریعے ماہ صیام میں 25 ملین زائرین کو بہ حفاظت مسجد حرام تک پہنچانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔مسجد حرام کی مختلف سمتوں میں پہنچنے والی گاڑیوں اور مسافروں کی تعداد کچھ یوں ہے۔ اجیاد المصافی میں 51 ہزار گاڑیوں کے ذریعے 10 لاکھ سے زاید زائرین کو پہنچایا گیا۔ باب علی 34 ہزار گاڑیوں سے 2 لاکھ 64 ہزار زائرین پہنچے۔ باب شاہ عبدالعزیز کے راستے 26 ہزار گاڑیوں پر 1 لاکھ 58 ہزار، جرول اسٹیشن سے 10 ہزار گاڑیوں پر چار لاکھ 27 ہزار اور جبل الکعبہ اسٹیشن سے 3 ہزار، اجیاد اسٹیشن سے ایک لاکھ 77 ہزار، شعبن عامر اسٹشین سے 9 لاکھ 20 ہزاراور ریع بخش اسٹیشن سے 1 لاکھ 31 ہزار زائرین کو مسجد حرام تک پہنچایا گیا۔