لوئی ویل(مانیٹرنگ ڈیسک)عظیم مسلمان باکسر محمد علی کو ’’امریکہ کے کیو ہل‘‘ کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ،وہ قبرستان 300 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے ، اس قبرستان کو 1848 میں سروس کے دوران فوت ہو جانے والے فوجیوں کے لئے قائم کیا گیا تھا اور اس کا شمار امریکہ کے قدرتی طور پر خوبصورت قبرستانوں میں ہوتا ہے جہاں صدیوں پرانے درخت اور ایک جھیل بھی موجود ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عظیم باکسر محمد علی اپنی زندگی میں اکثر و پیشتر اس قبرستان میں آتے تھے اور یہ جگہ محمد علی کو بہت پسند تھی،اس قبرستان میں ایک لاکھ 30 ہزار قبریں موجود ہیں۔محمد علی نے اپنی قبر کی جگہ کی نشاندہی اپنی زندگی میں ہی کر دی تھی ،انھوں نے اپنی قبر کو سادہ رکھنے کی وصیت کر رکھی تھی اس لئے ان کی قبر ہموار رکھی گئی ہے اور صرف پتھر کا ایک کتبہ نشانی کے طور لگایا گیا ہے۔محمد علی کی تدفین کے لئے ساتھ آنے والوں کی سہولت کے لئے گیٹ سے ان کی قبر تک سڑک پر پیلے رنگ سے لائنیں بنائی گئی تھیں ان کی قبر بھی بر لب سڑک نرم و ہر ے گھاس سے بھرے گراؤنڈ اور درختوں کے جھرمٹ میں ٹھیک اس جگہ ہی بنائی گئی ہے جہاں انھوں نے چند سال پہلے آکر خود اپنے ہاتھوں سے نشان لگایا تھا۔