نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں تعینات میکسیکو کی سفیر میلبا پریا نے نئی دہلی کی زہریلی ہوا سے جان چھڑانے کے لیے اپنی لمبی چمچماتی ہوئی سفارتی گاڑی چھوڑ کر آٹو رکشہ میں سفر کرنا شروع کر دیا ۔یہ شاید دنیا کا واحد آٹو رکشہ ہے جس پر ایک قومی پرچم لہراتا ہے اور اس میں خاص طور پر سیٹ بیلٹ نصب کی گئی ہیں۔بھارتی ٹی وی سے بات چیت میں میلبا پریا نے کہاکہ 90 کے عشرے میں میکسیکو سٹی کی ہوا اتنی آلودہ ہوگئی تھی کہ پرندے آسمان سے گرنے لگے تھے وہ نئی دہلی کو ایک پیغام دینا چاہتی تھیں، اس لیے انھوں نے آٹو رکشہ خریدنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہاکہ میں ایک ایسی سواری استعمال کرنا چاہتی تھی جو نئی دہلی کی سڑکوں کے لیے موزوں ہو۔ ہمارا مقصد فضائی آلودگی کے بارے میں شعور پیدا کرنا بھی تھا، ہوا کو بہتر بنانے کے لیے ہم سب کچھ نہ کچھ کر سکتے ہیں۔ ہم جہاں بھی جاتے ہیں، آٹو رکشہ دیکھ کر لوگ دلچسپی ظاہر کرتے ہیں، کچھ سفارتکاروں نے بھی ہمارے آٹو رکشہ کی سواری کی ہے۔ملبا پریا کے ڈرائیور راجندر کمار سوٹ اور ٹائی میں آٹو چلاتے ہیں اور انھیں اپنے سفیر پر فخر ہے۔ مکیش کمارنے کہاکہ شروع میں تھوڑا عجیب ضرور لگتا تھا، لیکن اب عادت ہو گئی ہے، اگر میکسیکو کی سفیر آٹو میں سفر کرسکتی ہیں، تو باقی لوگ کیوں نہیں؟