اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی مسلمان شہری اور لندن کے میئر صادق خان بھی کپتان کے فین نکل آئے، صادق خان نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی عمران خان کو بہت پسند کرتے ہیں ‘ عمران خان میرے ہیرو تھے اور اپنے وقت کے بہترین آل راؤنڈر تھے۔ صادق خان نے کہا کہ عمران خان نے لندن میئر کے انتخابات میں میری بجائے زیک گولڈ سمتھ کی حمایت کی جس پر مجھے بہت دکھ ہوا۔ صادق خان کا کہنا تھا کہ عمران خان بحیثیت مسلمان اور پاکستانی میری حمایت کرنی چاہئے تھی۔ میرے پاس لندن کے تابناک مستقبل کیلئے پالیسیاں موجود ہیں‘ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ عمران خان نے میرے مقابل زیک گولڈ سمتھ کی حمایت کیوں تھی؟ صادق خان نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ میرا خاندان پاکستان ہے اور مجھے اس پر فخر ہے ‘ میں ایک راسخ العقیدہ مسلمان ہوں اور مذہبی فرائض کی سر انجام دہی کیلئے 19 گھنٹے کا روزہ رکھتا ہوں۔ صادق خان نے اعلان کیا کہ اس سال گرجا گھروں اور مندروں میں بھی مسلمانوں کو افطار کروایا جائے گا۔ یاد رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر ہیں۔