واشنگٹن(این این آئی)پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی ،امریکہ اوربھارت نے مل کربڑی کارروائی کا فیصلہ کرلیا،امریکہ اور بھارت نے دہشت گردی کے مبینہ ’’انفراسٹرکچر کو ختم کرنے پر اتفاق کرلیا،امریکی صدر براک اوباما نے پاکستان سے 2008 کے ممبئی اور 2016 کے پٹھان کوٹ حملے کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔بھارتی وزیراعظم اور امریکی صدر کے درمیان ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں دونوں رہنماؤں نے القاعدہ، داعش، جیش محمد، لشکر طیبہ، ڈی کمپنی و دیگر شدت پسند تنظیموں کے خلاف تعاون میں مزید مضبوطی لانے کے عزم کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی سے انسانیت کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیرس سے لیکر پٹھان کوٹ اور برسلز سے لیکر کابل تک دہشت گرد حملوں کی مذمت کی۔وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مماثلت رکھنے والے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے پیچھے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ ان کے انفراسٹرکچر کو ختم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔