جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک)پچاس سعودی خواتین کو محرم (مرد رشتے دار سرپرست) کے بغیر سفر کی اجازت دے دی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق تحرم کمیٹی کی رکن اور وکیل نسرین الغامدی نے بتایا کہ جن خواتین کو محرم کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دی گئی ہے،ان میں پانچ غیرملکی خواتین بھی شامل ہیں اور وہ اپنے بچوں کے ساتھ سفر کرسکتی ہیں۔انھوں نے مزید بتایا کہ جدہ کی عائلی مقدمات کی سماعت کرنے والی عدالتوں میں خواتین اور کم سن لڑکیوں کی جانب سے ایک سو سے زیادہ درخواستیں دی گئی ہیں۔
ان میں انھوں نے استدعا کی تھی کہ ان کے سرپرست انتقال کرچکے ہیں ،اس لیے انھیں سیاحت ،مطالعے یا علاج کے لیے سفر کی اجازت دی جائے۔سعودی قانون کے تحت اگر خواتین یہ ثابت کردیں کہ ان کے سرپرست انتقال کر چکے ہیں تو انھیں کسی محرم کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت مل جاتی ہے۔نسرین الغامدی نے بتایا کہ درخواست دائر کرنے کے بعد عدالت میں صرف دو گواہ اور سفر کا جواز پیش کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔واضح رہے کہ جدہ کی عدالتوں میں اس وقت خواتین سے متعلق نو ہزار سے زیادہ کیس زیر سماعت ہیں۔ان میں سے 1977 کیس طلاق ،1280 کیس کفالت سے متعلق ، تحویل کے 1211 کیس ،بیویوں کی نافرمانی کے 619 کیس ،597 کیس بچوں سے ملاقات اور 333 کیس خلع سے متعلق ہیں۔ان کے علاوہ عائلی امور سے متعلق متعدد دوسرے کیس بھی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔