واشنگٹن(این این آئی) امریکی صدر براک اومابا نے ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مذہبی تعصب پر مبنی بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہر صورت امریکی مسلمانوں کے جان و مال کے تحفظ کا عزم ظاہر کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق براک اوباما نے مسلمانوں کو ماہ رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صورت میں مذہبی تعصب برداشت نہیں کیا جائے گا اور کسی کو بھی مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کا حق حاصل نہیں۔انھوں نے ٹرمپ یونیورسٹی کے مقدمے کی سماعت کرنے والے مسلمان جج گونزالو کوریئل کے حوالے سے کہا تھا کہ کوریئل کا میکسیکن ورثہ انہیں بنچ میں بیٹھ کر ان (ڈونلڈ ٹرمپ) کے ساتھ انصاف کرنے سے روکتا ہے۔براک اوباما نے ڈونلڈ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے نفرت انگیز بیان سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے، ان کا کہنا تھاکہ میں تمام امریکی مسلمانوں کے ساتھ کھڑا ہوں اور سختی سے مذہبی آزادی اور عوامی حقوق کو محدود کرنے کے خلاف آواز بلند کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ ہرحال میں امریکی مسلمانوں کے جان و مال کا تحفظ کریں گے، چاہے وہ کسی بھی قوم و مذہب، رنگ و نسل سے ہو۔اوباما نے کہا کہ تمام امریکی مسلمان ’ ایک امریکی فیملی کی طرح ہیں۔اوباما نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کے منصوبے کے بارے میں کہا کہ وہ مسلمان سمیت تمام مہاجرین کو خوش آمدید کہتے رہیں گے۔اومابا نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان کا مہینہ انسان کی روحانی تربیت کرتا ہے اور صبروتحمل، عفو و درگزر اور بردباری کا درس دیتا ہے۔امریکی صدر نے بتایا کہ امریکا میں مسلمان کئی سالوں سے مقیم ہیں اور اس حوالے سے مسلمانوں کی وراثت کے بارے میں معلومات بھی مل سکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس ماہ رمضان کے موقع پر ہمیں جنگ کی وجہ سے دنیا کے لاکھوں بے گھر ہونے والے افراد کی جدوجہد کو نہیں بھولنا چاہیے۔اس موقع پر خاتون اول مشعل اومابا نے بھی مسلمانوں کو رمضان المبارک کے موقع پر تہینتی پیغامات بھیجے۔