اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارت کی مشرقی ریاست فجیرہ اور قریبی علاقوں میں شدید بارشیں اور ژالہ باری کے باعث زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی اور پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق تین دن سے جاری موسلادھار بارشوں اور ژالہ باری کے باعث پہاڑوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں جس سے 20 گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔شدید ژالہ باری کے باعث پہاڑی علاقوں میں برف کی چادر بچھ گئی ہے اور نشیبی علاقوں کے نالوں اور جوہڑوں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے لوگوں کو آمدورفت میں شدید دشواریاں لاحق ہوئی ہے۔فجیرہ میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے 40 افراد کو محفوظ مقامات میں پناہ دے دی گئی ہے، اسی طرح خورفکان شہر میں 20سے زائد متاثرین کو ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤس میں منتقل کردیا گیا ہے۔