ریاض(نیوزڈیسک )سعودی عرب میں روزگار کے سلسلے میں جانے والوں کے لیے خوشخبری ہے کہ سعودی حکومت کی طرف سے نوکریوں میں غیرملکیوں کا کوٹہ بڑھائے جانے کا امکان ہے۔سعودی عرب کی کاروباری برادری کی طرف سے وزارت محنت کو تسلسل کے ساتھ درخواست کی جا رہی تھی کہ بعض نوکریاں ایسی ہیں جن میں سعودی باشندوں کی دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے اور ان نوکریوں کے لیے سعودی باشندوں کا کوٹہ زیادہ ہونے کی وجہ سے ملازمین کی تعداد پوری کرنے میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیںاور بیشتر آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ کاروباری افراد کے مطابق ان ملازمتوں میں بعض جگہوں پر کام کی نوعیت ایسی ہے جو سعودی باشندے نہیں کرنا چاہتے اور بعض نوکریاں شہروں سے دور دیہاتی علاقوں میں ہیں۔کاروباری افراد کی درخواستوں پر سعودی وزارت محنت نے نطاقت سعودیزیشن پروگرام کا دوسرا فیز ملتوی کر دیا ہے جو 20اپریل سے شروع ہونا تھا۔ نطاقت سعودیزیشن پروگرام کے ذریعے سعودی حکومت نوکریوں میں سعودی باشندوں کا کوٹہ بڑھانا چاہتی تھی، اس کا فیز ون مکمل ہو چکا ہے جس سے پرائیویٹ سیکٹر میں سعودی ورکرز کی تعدادمیں 16لاکھ تک کا اضافہ ہوا ہے۔