امریکی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ روس پرمزید پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکا یوکرین کے بحران کے حل کے لیے مینسک معاہدے پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔ جان کیری نے امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی میں کہا کہ اگلے قدم پر فیصلے کا انحصار یوکرین کے حالات پر ہے۔ امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ممکن ہے کہ روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کردی جائیں۔ جان کیری نے دعویٰ کیا کہ روس یوکرین میں اپنے فوجیوں کے موجود نہ ہونے کے بارے میں جھوٹ بول رہا ہے۔ واضح رہے کہ یوکرین کے بحران پر روس اور مغرب کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ روس کے حکام مشرقی یوکرین میں مداخلت کے بارے میں مغربی ملکوں کے ہر قسم کے الزام کو مسترد کرتے ہیں۔