اسلام آباد(نیوز ڈیسک)برطانوی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹس نے اپنی شناخت پوشیدہ رکھتے ہوئے نیو یارک کی عدالت میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشتگرد کے خلاف گواہی دی۔نیویارک کی ایک عدالت میں پاکستانی نوجوان عابد نصیر پر مقدمہ چلایا جارہا ہے۔عابد نصیر پر مانچسٹر کے ایک شاپنگ سینٹر ، نیویارک میں سب وے اور ڈنمارک کے ایک اخبار پر حملوں کی منصوبہ بندی میں مدد کا الزام ہے۔مقدمے کے دوران برطانیہ کے خفیہ ادارے ایم آئی فائیو کے 5 ایجنٹس کو ابتدائی بیان دینے کیلئے طلب کیا گیا جنہوں نے وِگ اور میک اپ کے ذریعے شناخت کو پوشیدہ رکھا اور انہیں کمرہ عدالت میں بھی بغلی دروازے سے لایا گیا، ان میں ایک خاتون ایجنٹ بھی شامل تھی اور انہیں ناموں سے پکارے جانے کے بجائے مختلف نمبرز الاٹ کیے گئے تھے۔اس سے قبل عابد نصیر کو برطانیہ میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم الزامات ثابت نہ ہونے پر انہیں رہا کیا گیا تھا ،تاہم 2010 میں اسے امریکا کی درخواست پر دوبارہ گرفتار کیا گیا۔