آج کل ٹی وی پر خبریں پڑھنے کیلئے صحافتی قابلیت اور زبان میں مہارت کے علاوہ خوبصورتی کا پہلو بھی اہم سمجھا جاتا ہے مگر ایک سعودی نیوز چینل نے مبینہ طور پر اسے ہی بنیادی خصوصیت قرار دیتے ہوئے ایک خاتون کو نیوز کاسٹر بھرتی کرنے کے بعد خبریں پڑھنے سے عین پہلے یہ کہہ کر نوکری سے فارغ کردیا کہ وہ کچھ خاص حسین نہیں ہے۔ ”گلف نیوز“ نے مقامی اخبار ”مکہ“ کے حوالے سے بتایا کہ خاتون کو ابتدائی انٹرویو کے بعد ملازمت دے دی گئی تھی مگر جب وہ پہلے دن خبریں پڑھنے کیلئے پہنچیں تو ٹی وی چینل کے مالک کو ان کے خوبصورت نہ ہونے پر اعتراض پیدا ہوگیا اور اس نے انہیں فوری طور پر خبریں پڑھنے کیلئے غیر موزوں قرار دے دیا۔خاتون کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں واقع سیٹلائٹ چینل سے ان کے معاملات طےہوچکے تھے اور اس طرح نوکری سے نکالا جانا ان کے ساتھ امتیازی سلوک اور استحصال ہے۔ انہوں نے نیوز چینل کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے عدالت کا دروازہ کھٹکھا دیا ہے اور عدالت نے ان کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی ہے۔