اسلام آباد(آن لائن) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں، خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد ساڑھے چار ہزار جبکہ پنجاب میں قریباً ساڑھے پانچ ہزار تک پہنچ گئی ہے۔پنجاب بھر میں دینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے، رواں برس پنجاب میں ڈینگی کے پانچ ہزار دو سو پچیس سے زائد مریض سامنے آ چکے ہیں جب کہ صرف پچھلے چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں
ڈینگی کے دو سو چھ کے قریب مریض سامنے آئے۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نو نئے مریض داخل ہوئے، چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی کے ڈیڑھ سو مریض رپورٹ ہوئے۔ گجرانوالہ سے دو گجرات سے دو، نارووال سے ایک اور منڈی بہاوالدین سے دو مریض سامنے آئیں ہیں۔محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری کئےگئے اعدادوشمار کے مطابق سرگودھا سے سات، شیخوپورہ سے پانچ، سیالکوٹ سے چار، بھکر سے 5، لیہ سے ڈینگی کے تین کیس سامنے آئے ہیں۔سرکاری ادارہ صحت کے مطابق اس وقت سے صوبہ بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے7 مریض انتہائی نگہداشت میں جبکہ باقی خطرے سے باہر ہیں۔ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری کا کہنا ہے کہ پنجاب میں رواں سال ڈینگی سے 9 ہلاکتیں ہوئیں جن کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔اس بابت محکمہ صحت پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کیلئے کارروائیاں بھی جاری ہیں، گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں دو لاکھ چوالیس ہزار چار ان ڈور اور چھہتر ہزار چھ سو بانوے آؤٹ ڈور مقامات کو چیک کیا۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پنجاب بھر میں سترہ سو چھبیس مقامات سے لاروا تلف کیا گیا، صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر170 کمرشل مقامات کیخلاف مقدمات درج جب کہ پانچ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
صوبے بھر میں تیرہ سو اکیاون افراد کو وارننگ بھی جاری کی گئی۔دوسری جانب خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چار ہزار 522 ہوگئی ہے۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق صوبے بھر سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 87 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پشاور سے 22، سوات اور صوابی سے 12، مردان اور مانسہرہ سے 10 ،10 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
جب کہ پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2080 ہو گئی ہے۔سوات میں 404، صوابی 227، مردان 202، مانسہرہ سے 195 اور ضلع خیبر میں ڈینگی سے متاثر مریضوں کی تعداد 182 ہوگئی سرکاری اعدادوشمار کے مطابق صوبے کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں 70 افراد تاحال زیر علاج ہیں۔ملک بھر میں ڈینگی کے باعث بگڑتی صورتحال پر وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک کی زیرصدارت ڈینگی کا جائزہ اجلاس جاری ہے،
اجلاس میں ہسپتالوں کے سربراہان اور جڑواں شہروں کی انتظامیہ بھی شریک ہے۔اجلاس کے دوران سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ جڑواں شہر میں کیے گئے موثر اقدامات کی وجہ سے ڈینگی کی صورتحال قابو میں ہے، ڈینگی کے تشخیص شدہ مریضوں کے گھروں پر اسپرے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔سیکرٹری ہیلتھ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ڈینگی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، اسپتالوں میں مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات بھی میسر ہیں۔