اسلام ا باد۔۔۔۔ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی کے 3 رہنماؤں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔بنی گالا میں عمران خان کی رہائش گاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سیف الدین خان کھوسہ، نیاز خان جھکڑ اور بہادر خان سیہڑ نے باقاعدہ تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر عمران خان اور دیگرپارٹی رہنماؤں نے تینوں افراد کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔پریس کانفرنس کے دوران سردار سیف الدین کھوسہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے ملک میں اسٹیٹس کو برقرار رکھا ہے جب کہ موجودہ حکومت ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے سنجیدہ نہیں،اس موقع پر نیازخان جھکڑ کا کہنا تھا کہ لوگوں کی ا خری امید صرف عمران خان ہیں اور وہ ہی عوام کو نیا پاکستان دیں گے۔