پشاور(این این آئی) محکمہ خوراک نے دودھ میں پانی اور دیگر اجزاء کی ملاوٹ پر 9 شیر فروشوں اور لاہور کے سپلائر کو گرفتار کر کے پندرہ دنوں کیلئے جیل منتقل کردیا ۔ سیکرٹری محکمہ خوراک عابد خان وزیر اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن نے گزشتہ روز کیمیکل ملا دودھ کی ویڈیو وائرل ہونے پر نوٹس لیتے ہوئے راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کو کیمیکل ملا اور ملاوٹی دودھ کی فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی جس پر ان کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ ‘ کمال احمد اور فوڈ گرین سپر وائزر طیب انور نے لائیو سٹاک ٹیموں کے ہمراہ نشتر آباد ‘ گنج ‘ بھانہ ماڑی اور یکہ توت میں موبائل ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے دودھ کے تجزیئے کئے دودھ میں پانی شامل کرنے اورر دودھ کو گاڑھا کرنے کیلئے دودھ میں مکس پائوڈر اور پلاسٹک آف پیرس شامل کرنے پر لاہور کے سپلائر سمیت 9 افراد کو گرفتار کر کے پندرہ دنوں کیلئے جیل منتقل کردیا ۔
محکمہ خوراک کے افسران نے واضح کیا کہ دودھ میں 50 فیصد تک پانی کی ملاوٹ کی گئی تھی ۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانا محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دودھ میں پانی اور دیگر مضر صحت اجزاء کی ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ مرتکب افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر شہر میں دودھ فروشوں کی دکانوں میں دودھ کے معیار کو چیک کریں اور ملاوٹ ثابت ہونے پر سخت کارروائی عمل میں لائیں اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے ۔