لاہور ( این این آئی) اسلام آباد جوڈیشل اکیڈمی کے افسر کے گھر پر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بننے والی 14سالہ گھریلو ملازمہ کو علاج کے لئے لاہور منتقل کر دیا گیا ۔اے ایس پی سٹی عثمان کے مطابق ملازمہ کو کئی ماہ تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور متاثرہ لڑکی کے چہرے اور سر پر زخموں کے نشانات ہیں۔ طبیعت زیادہ خراب ہونے پر اسے ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا لایا گیا۔ تاہم اس کے بعد حالت بگڑنے پر اسے اس کی والدہ کے حوالے کر دیا گیا ۔
متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ نے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے ایڈمنسٹریٹو آفیسر عاصم حفیظ کی اہلیہ پر تشدد کرنے کا الزام عائد کیا۔جج کی اہلیہ نے گھر سے زیورات چوری کرنے کے الزام میں مبینہ طور پر بلے سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے لڑکی کو کام پر بھیجنے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔بچی کی حالت تشویشناک ہے اور ڈاکٹروں نے اسے سرگودھا سے لاہور ریفر کر دیا ہے۔متاثرہ لڑکی کو لاہور کے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔جنرل ہسپتال کے ایم ایس کا کہنا تھا کہ زخم بظاہر دنوں پرانے ہیں اور مریض کو طبی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔