کراچی(این این آئی)کسٹم افسران کی جانب سے سونے کے بسکٹ خریدنے کے کیس میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کراچی اسپیڈی منی اسکینڈل کیس میں گرفتار 2 ملزمان یاور عباس اور طارق محمود کو عدالت میں پیش کردیا گیا، عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 دن کی توسیع کردی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے کیس کی تفتیش خاتون انویسٹی گیشن آفیسر کے حوالے کر دی۔ایف آئی اے کی تحقیقات میں اسپیڈی منی سے سونے کے بسکٹ خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔ایف آئی اے حکام نے کہاکہ کیس میں سونے کے کچھ تاجروں کے بیانات قلم بند کیے ہیں، ملزمان اسپیڈی منی سے سونے کے بسکٹ خریدتے تھے، اسپیڈی منی کو سونے میں تبدیل کرنے کے بعد افسران میں تقسیم کیے جاتے تھے۔وفاقی تحقیقاتی ادارے نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزمان سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی، جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ملزم کے وکیل شوکت حیات نے عدالت میں مقف اختیار کیا کہ ملزمان کو کئی دن لا پتہ رکھا گیا، ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔