اسلام آباد (این این آئی)ٹریل تھری پر لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں لڑکی سے زیادتی ثابت نہیں ہوئی۔ ترجمان پولیس کے مطابقزیادتی کی کہانی جھوٹی نکلی، معاملہ ملزم اور اس کے ساتھی کے درمیان لڑائی کا نکلا۔
ترجمان پولیس کے مطابق نامزد ملزم نعمان کا اپنے ساتھی انور سے جھگڑا ہوا تھا، انور نے نعمان سے بدلہ لینے کیلئے ایک گروہ کو اجرت پر لیا۔ گروہ میں صائمہ، سدرہ، شکیل اور منظور شامل تھے۔انور نے نعمان پر زیادتی کا جھوٹا الزام لگانے کیلیے صائمہ نامی لڑکی سے رابطہ کیا، صائمہ نے سدرہ سے رابطہ کر کے نعمان کے ساتھ زیادتی کا ڈرامہ کرنے کا منصوبہ بنایا۔اس منصوبے کے مطابق سدرہ نے ملزم کو لے کر ٹریل تھری پر جانا تھا، ٹریل تھری پر سدرہ نے زیادتی کا ڈرامہ کر کے چیخ و پکار کرنا تھی جبکہ اسی دوران گروہ کے باقی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر ویڈیوز بنانی تھیں۔ویڈیوز بنا کر ملزم اور اس کے اہلِ خانہ کو بلیک میل کر کے بھتہ وصول کرنا تھا، سدرہ نے ملزم سے ٹریل تھری پر ملاقات کی لیکن اس کے ساتھی موقع پر نہ پہنچ سکے اور سدرہ کافی انتظار کے بعد ملزم کے ساتھ واپس راولپنڈی چلی گئی۔بعدازاں سدرہ نے تھانے میں ایف آئی آر کروائی اور واپس شیخوپورہ چلی گئی۔