پشاور(این این آئی)پشاور میں سوشل میڈیا پر دوستی کے بہانے اغواء کرکے لوٹنے والے گرفتار نوسرباز میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔گزشتہ دنوں پشاور تھانہ پشتخرہ میں میاں بیوی کے خلاف بھتہ خوری اور دھوکا دہی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پولیس نے پشاور کے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نوسربازی کے ذریعے لوگوں سے رقم بٹورنے کے الزام میں گرفتار میاں بیوی کو پیش کیا۔تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان مسما اور ان کے شوہر عامر نے دھوکا دہی سے مدعی مقدمہ کو اغوا کے بعد 30لاکھ روپے وصول کئے۔
تفتیشی افسر نے بتایاکہ پولیس نے دونوں میاں بیوی کے خلاف اغوائ، بھتہ خوری اور دھوکا دہی کا مقدمہ تھانہ پشتخرہ میں درج کیا تھا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے تفتیش کی ضرورت ہے لہذا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے شوہر کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ بیوی کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔پولیس کے مطابق گرفتار نو سرباز گینگ کا تعلق مردان سے ہے جن کے قبضے سے دھوکہ دہی کے ذریعے وصول شدہ رقم دو عدد موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔