ملزم عابد علی اور اس کے نیٹ ورک کی معلومات دینے پر امریکا نے 20لاکھ ڈالرز انعام رکھا تھا ،پولیس حکام
پشاور(این این آئی)امریکا کو انسانی اسمگلنگ میں انتہائی مطلوب ملزم عابد علی خان کو نوشہرہ سے گرفتار کرلیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کو حکیم آباد کے علاقے سے گرفتارکیاگیا،ملزم کی گرفتاری اور اس کے نیٹ ورک سے متعلق معلومات دینے پر امریکا نے 20لاکھ ڈالرز انعام کا بھی اعلان کیا تھا۔
پولیس حکام ذرائع کاکہناہے کہ ملزم عابد علی خان اپنی گاڑی میں حکیم بلڈنگ کے قریب موجود تھا،اس دوران قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے ملزم کو حراست میں لیا۔ملزم پر الزام ہے کہ وہ زمینی اور فضائی راستوں کے ذریعے غیرقانونی طریقے سے لوگوں کوبیرون ملک بھیجتا تھا۔ذرائع کے مطابق اس کے ساتھ پنجاب اور ایف آئی اے کے اہلکار بھی شامل ہیں،یہ لوگوں کو وزٹ ویزے پر میکسیکو اور برازیل پہنچاتے تھے اور پھر وہاں سے انہیں امریکا منتقل کر دیتے تھے۔دو سال قبل امریکا کی جانب سے ملزم کو سفارتخانے میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔اس کے علاوہ ایف آئی اے پشاور میں ملزم کیخلاف مقدمہ درج ہے۔