اسلام آباد (این این آئی) تہران، استنبول فریٹ ٹرین دسمبر 2025میں دوبارہ چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے حنیف عباسی کی ایرانی وزیر روڈز اینڈ اربن ڈویلپمنٹ سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ ریلوے تعاون، فریٹ آپریشنز اور تجارتی روابط پر گفتگو کی گئی۔حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور دونوں ممالک نے ریلوے شعبے میں مشترکہ ایکشن پلان پر اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ریلوے اصلاحات کا نیاباب شروع کیا ہے ، کراچی پورٹ سے فریٹ ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے جبکہ روہڑی سے نوکنڈی 884کلومیٹر سیکشن پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔کوئٹہ سے تافتان سیکشن کی اپ گریڈیشن آئندہ سال شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ فریم ورک آف کوآپریشن کے تحت ریلوے تعاون کو وسعت دینے پر غور کیا گیا، ریلوے آپریشنز اور کمرشل سرگرمیوں میں اشتراک کو مضبوط بنانے پر اتفاق بھی ہوا۔ملاقات میں چابہار اور گوادر بندرگاہوں کو ریل یا سڑک کے ذریعے جوڑنے پر گفتگو ہوئی اور اسلام آباد، تہران، استنبول فریٹ ٹرین دسمبر 2025 میں دوبارہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ایران میں رابطوں کے فروغ کیلیے کوآرڈی نیشن میکانزم پر اتفاق کیا گیا۔















































