اسلام آبا د (نیوز ڈیسک) پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی نے مالیاتی منڈیوں پر منفی اثر ڈال دیا ہے۔ اسی باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری سرگرمیوں کے دوران شدید مندی دیکھنے میں آئی، اور ہنڈرڈ انڈیکس میں 4 ہزار پوائنٹس سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔دنیا نیوز کے مطابق، کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی سرمایہ کاروں میں غیر یقینی کی فضا کے باعث مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی۔
انڈیکس میں 4800 سے زیادہ پوائنٹس کی گراوٹ کے بعد PSX 100 انڈیکس کم ہو کر 1 لاکھ 58 ہزار 67 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔مارکیٹ میں آٹوموبائل، سیمنٹ، کمرشل بینکنگ، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش، آئل مارکیٹنگ، ریفائنریز اور پاور سیکٹرز میں نمایاں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔اہم اسٹاکس جیسے حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، ایچ بی ایل اور یو بی ایل مسلسل منفی زون میں ٹریڈ ہو رہے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز بھی مارکیٹ میں مندی رہی تھی، جب ہنڈرڈ انڈیکس 1432 پوائنٹس کمی کے ساتھ 1 لاکھ 63 ہزار 98 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی، جہاں کرنسی کی قیمت 281.17 روپے سے گھٹ کر 281.15 روپے پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔