اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک بھر کی موٹرویز اور ہائی ویز پر ایک سال کے دوران ٹول ٹیکسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہو گیا۔نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سامنے آنے والی دستاویزات سے پتا چلتا ہے کہ مالی سال 2024-25 میں ٹول ٹیکس کی وصولی 64 ملین روپے سے تجاوز کر گئی، جبکہ مالی سال 2023-24 میں یہ آمدن تقریباً 32 ملین روپے رہی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ہائی ویز پر وصول ہونے والی ٹول فیس 17 ملین سے بڑھ کر 34 ملین روپے سے اوپر جا پہنچی، جبکہ موٹرویز پر یہ رقم 14 ملین سے بڑھ کر 29 ملین روپے تک جا پہنچی۔صوبائی سطح پر اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پنجاب میں ٹول ٹیکس کی وصولی میں 84 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، سندھ میں سب سے زیادہ 117 فیصد اضافہ سامنے آیا، خیبر پختونخوا میں یہ شرح 92 فیصد اور بلوچستان میں 81 فیصد رہی۔دستاویزات میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری اداروں کی گاڑیاں، پولیس، ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ اس ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں۔















































