کراچی(این این آئی)انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی مصنوعات کی امریکا کے لیے رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں برآمدات 17فیصد بڑھ کر 1.11ارب ڈالر تک پہنچنے، غزہ مجوزہ امن پلان سے خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی اور فن لینڈ کی کمپنی “میسٹو” کی ریکوڈک میں جدید ٹیکنالوجی اور تربیت کے ساتھ سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
ریکوڈک میں سالانہ 2 سے 3ارب ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی توقعات، پاکستان کے توانائی معدنیات، آئل اینڈ گیس کے شعبوں میں نئی سرمایہ کاری کی حکمت عملی، عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) سے قرض پروگرام کی ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط سمیت 1.3ارب ڈالر کی کلائمیٹ فنانسنگ کے حصول میں کامیابیوں کی توقعات کے باعث ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدرایک موقع پر 25 پیسے کی کمی سے 281روپے 10پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم سپلائی بہتر ہوتے ہی درآمدی ضروریات کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر صرف پیسے کی کمی سے 281روپے 31پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 5 پیسے کی کمی سے 282روپے 35پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔