اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک اور اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 1 روپے 97 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 48 پیسے فی لیٹر اضافے کا خدشہ ہے۔اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 1 روپے 76 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر تک بڑھ سکتی ہے۔
اوگرا اپنی سفارشات پیٹرولیم ڈویژن کے ذریعے وزارتِ خزانہ کو ارسال کرے گا اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان وزارتِ خزانہ کرے گی۔پیٹرولیم ڈویژن کی دستاویز کے مطابق اس وقت ایک لیٹر پیٹرول پر تقریباً 94 روپے 89 پیسے اور ایک لیٹر ڈیزل پر 95 روپے 35 پیسے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ اس حساب سے پیٹرول کی موجودہ قیمت میں 36 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 35 فیصد صرف ٹیکس کی مد میں شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے 37 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 78 روپے 2 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہیں۔ اسی طرح ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے 84 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 77 روپے 1 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی وصول کی جا رہی ہے۔