لاہور (این این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوام دوست پروگرام ”اپنی چھت اپنا گھر”میں اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ۔ اب تک مستحق خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے 102ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم جاری کی جا چکی ہے جبکہ 85,500خاندانوں کو قرضہ جات فراہم کیے جا چکے ہیں۔ صوبہ بھر میں 17,957گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان، پی ڈی اپنی چھت اپنا گھر ولید بیگ اور پی ڈی افورڈیبل ہائوسنگ عمران سلطان نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں پروگرام کے تحت گھروں کی مزید تعمیر اور پلاننگ کے آغاز کی ہدایت کی گئی۔ سیکرٹری ہائوسنگ نے زور دیا کہ عوامی فلاح کے جاری منصوبوں کی رفتار بھی بڑھائی جائے۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق شہریوں کو اپنے گھروں کی فراہمی کے لیے منفرد پروگرام متعارف کروائے گئے ہیں۔ افورڈیبل ہاسنگ پروگرام کے تحت 57,000رہائش گاہوں کا منصوبہ پائپ لائن میں ہے اور آئندہ ہفتے اس پراجیکٹ کی صوبائی کابینہ سے منظوری متوقع ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے قرضے کی فراہمی کی رفتار بڑھا دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق شہری گھر بیٹھ کر قرض حاصل کرنے کے لیے اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔