اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے عوام کو پہلی بار گھر کے حصول میں مدد دینے کیلئے ‘مارک اپ سبسڈی اور رسک شیئرنگ سکیم’ کے تحت میرا گھر میرا آشیانہ پروگرام متعارف کرادیا، اپنا گھر بنانے کے خواہشمند افراد 20 سے 35 لاکھ تک قرضہ حاصل کرسکیں گے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق سکیم کے تحت شہری 20 سال تک کی مدت کیلئے معقول مارک اپ پر قرض حاصل کر سکیں گے۔سٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکس، اسلامی بینکس اور دیگر مالیاتی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی برانچ نیٹ ورک اور دیگر ذرائع کے ذریعے اس اسکیم کو فروغ دیں۔سکیم کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو سہولت دینا ہے، اس لئے آسان شرائط رکھی گئی ہیں، پاکستانی شہری جن کے پاس کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ہے اور جو پہلی بار گھر کے مالک بننا چاہتے ہیں اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ درخواست گزار کے نام پر پہلے سے کوئی گھر موجود نہیں ہونا چاہئے۔