ہانگ گانگ(این این آئی)ایشیائی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ جمعرات کو کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ فیوچرز 26 سینٹ یا 0.4 فیصد کم ہوکر 69.05ڈالر فی بیرل پر آ گیا جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ فیوچرز 27سینٹ یا 0.4فیصد کمی کے ساتھ 64.72ڈالر فی بیرل میں طے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں بینچ مارکس کی قیمتوں میں بدھ کو 2.5 فیصد اضافہ ہوا جو یکم اگست کے بعد سب سے زیادہ سطح تھی۔یہ اضافہ امریکی خام تیل کے ذخائر میں غیر متوقع کمی اور یوکرین کے روسی توانائی ڈھانچے پر حملوں کے خدشات کے سبب سامنے آیا تھا جس سے سپلائی میں خلل کا خطرہ پیدا ہوا۔
فلپ نووا کی سینئر مارکیٹ اینالسٹ پرینکا ساچدیوا نے کہا کہ چوتھی سہ ماہی میں موسمی طلب میں نرمی اور اوپیک پلس کی بڑھتی ہوئی سپلائی نظر آ رہی ہے ، قیمتوں میں حالیہ اضافہ بنیادی عوامل کی وجہ سے نہیں ہے اور برینٹ کی قیمتیں معمولی کمی کے ساتھ استحکام اختیار کر سکتی ہیں۔