اسلام آباد (این این آئی)یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن کی جانب سے کیڑے مکوڑوں،گرد، دھول اور انسانی کھانے کے قابل نہ ہونیوالے اجزاء پر مشتمل اربوں روپے مالیت کی غیر معیاری درآمدی گندم خریدے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔آڈیٹرجنرل نے آڈٹ رپورٹ 2024-25ء میں بے ضابطگی کی نشاندہی کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کرکے ذمہ داران کا تعین کرنے کی سفارش کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن نے 2023-24ء کے دوران پاسکو سے16ارب 44کروڑ 78لاکھ روپے مالیت کی ایک لاکھ 22ہزار 500میٹرک ٹن درآمدی گندم خریدی ۔لیبارٹری ٹیسٹ رپورٹس کے مطابق گندم یوٹیلیٹی سٹورز کی جانب سے منظورکردہ معیارکے مطابق نہیں تھی اورماسٹربزنس مینجمنٹ کنسورشیم نے لیب ٹیسٹ رپورٹس میں گندم کا معیار غیر اطمینان بخش قراردیا۔رپورٹ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ نے جواب دیا کہ لیب ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر 26گندم لیفٹنگ مراکز کو تبدل کیا گیا تاہم انتظامیہ کا یہ جواب آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو قائل کرنے میں ناکام رہا۔