اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کراچی میں منگل کے روز ہونے والی شدید بارش اور شہر کی ابتر صورتحال کے بعد سوشل میڈیا پر محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکولوں کی چھٹیوں سے متعلق ایک نوٹیفکیشن تیزی سے وائرل ہوا۔
اس وائرل خبر میں دعویٰ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم سندھ نے کراچی سمیت پورے صوبے میں ایک ہفتے کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے، جب کہ کچھ پوسٹس میں بدھ، جمعرات اور جمعہ کی چھٹیوں کا ذکر بھی کیا گیا۔تاہم فیکٹ چیک ٹیم کی تحقیق سے واضح ہوا کہ یہ نوٹیفکیشن جعلی اور گمراہ کن ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کی جانب سے اسکولوں کی تعطیلات کے لیے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔اصل صورتحال کے مطابق، منگل کی بارش کے بعد صرف بدھ کے روز چھٹی دی گئی تھی، جب کہ موسم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جمعرات کے لیے علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس میں صرف ایک دن کی تعطیل شامل تھی۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا ایک ہفتے کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط معلومات پر مبنی ہے۔