اسلام آباد (نیوز ڈیسک)گرمی کے موسم میں ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے صرف ایئر کنڈیشنر پر انحصار کرنے کے بجائے اگر ساتھ میں سیلنگ فین بھی استعمال کیا جائے تو نہ صرف ماحول زیادہ خوشگوار رہتا ہے بلکہ بجلی کے اخراجات میں بھی کمی ممکن ہے۔امریکی محکمہ توانائی کے مطابق، سیلنگ فین کمرے کا درجہ حرارت کم نہیں کرتا مگر ہوا کی گردش بہتر بنانے سے انسان کو تقریباً 4 ڈگری تک زیادہ ٹھنڈک محسوس ہو سکتی ہے۔
اس طریقے سے ایئر کنڈیشنر کا درجہ حرارت بڑھا کر بجلی کی کھپت کم کی جا سکتی ہے۔ماہرین کے مطابق، ایئر کنڈیشنر کے ساتھ پنکھا چلانے کی عادت توانائی کے مؤثر استعمال میں مدد دیتی ہے۔ یہ نہ صرف بجلی کے بل میں کمی کا باعث بنتا ہے بلکہ بجلی کے مجموعی نظام پر بھی دباؤ کم کرتا ہے۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ سیلنگ فین کمرے میں ٹھنڈک کو یکساں طور پر پھیلانے میں مدد دیتا ہے اور ہوا کی مؤثر گردش برقرار رکھتا ہے، خاص طور پر اُن گھروں میں جہاں مرکزی ایئر کنڈیشننگ یا فلور وینٹس سے ٹھنڈک یکساں تقسیم نہیں ہو پاتی۔تاہم، ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ پنکھے کے نیچے زیادہ دیر رہنے سے آنکھوں اور ناک میں خشکی جیسے معمولی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، اس لیے پنکھے کی رفتار ضرورت کے مطابق کم یا زیادہ کرنی چاہیے۔