اسلام آباد (نیوز ڈیسک) دبئی حکومت نے ڈیجیٹل نومیڈز اور ریموٹ ورک کرنے والے ماہرین کے لیے خصوصی “ورچوئل ورک ویزا” متعارف کروا دیا ہے، جس کے ذریعے دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے افراد ایک سال تک دبئی میں رہائش اختیار کرتے ہوئے اپنی ملازمت یا آن لائن بزنس جاری رکھ سکیں گے۔ اس ویزا کے لیے کسی اسپانسر کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم چند شرائط اور ضروری دستاویزات لازمی قرار دی گئی ہیں۔اہلیت کے معیار کے مطابق یہ ویزا ان افراد کے لیے دستیاب ہے جو یا تو کسی غیر ملکی کمپنی میں ملازم ہوں یا ان کا ذاتی کاروبار بیرونِ ملک رجسٹرڈ ہو۔
درخواست دہندہ کی کم از کم ماہانہ آمدن 12,856 درہم (تقریباً 9 لاکھ 87 ہزار پاکستانی روپے) ہونی چاہیے، اور ایک سالہ ملازمت یا کاروباری معاہدے کا ثبوت فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ویزے کے لیے درکار دستاویزات میں شامل ہیں: کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، دبئی میں قیام کے دوران ہیلتھ انشورنس، ملازمت یا بزنس کا ثبوت، کرمنل ریکارڈ سے پاک سرٹیفکیٹ، پاسپورٹ سائز فوٹو، تنخواہ کی رسید یا پچھلے تین ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ، اور دبئی میں رہائش کا ثبوت۔درخواست دینے کے لیے آن لائن GDRFA دبئی پورٹل یا ورچوئل ورکنگ پروگرام ویب سائٹ استعمال کی جا سکتی ہے، جبکہ دبئی میں موجود ’امر سینٹر‘ سے بھی براہِ راست اپلائی کیا جا سکتا ہے۔ ویزا فیس 372.5 درہم (تقریباً 28,605 پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔منظوری کے بعد اگر امیدوار دبئی سے باہر ہے تو اسے انٹری پرمٹ جاری ہوگا۔ دبئی آمد پر میڈیکل فٹنس ٹیسٹ، بائیومیٹرک تصدیق، امارات آئی ڈی کے اجراء اور ویزا اسٹیمپنگ جیسے مراحل مکمل کرنا ہوں گے۔یہ پروگرام ان پروفیشنلز کے لیے نہایت موزوں ہے جو دبئی کے جدید طرزِ زندگی سے مستفید ہونا چاہتے ہیں مگر مستقل سکونت اختیار نہیں کرنا چاہتے۔ ویزے کی مدت ایک سال ہے، اور دوبارہ اہلیت ثابت کرنے پر اسے ری نیو بھی کیا جا سکتا ہے۔