اسلام آباد (نیوز ڈیسک)آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں شدید موسمی حالات کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے پانچ روز کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کیے گئے الرٹ میں سیلابی صورتحال کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے طلبہ اور عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔ اعلامیے کے مطابق تمام سرکاری و نجی ادارے 19 اگست سے 23 اگست تک بند رہیں گے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر سمیت مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان حالات میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک آنے والے سیلاب (فلیش فلڈنگ) کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ادارے کے مطابق اسلام آباد میں بھی اگلے 24 گھنٹوں میں شدید بارش اور آندھی طوفان متوقع ہے، جب کہ پنجاب کے متعدد اضلاع میں بارش کے باعث شہری سیلاب (Urban Flooding) کا اندیشہ ہے۔ راولپنڈی، جہلم، اٹک، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد کے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسی طرح ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، ساہیوال اور راجن پور میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جبکہ بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع، جن میں سوات، بونیر، شانگلہ، دیر، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد اور مالاکنڈ شامل ہیں، میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ زیادہ ہے۔ پشاور ویلی کے اضلاع (پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی) میں بھی وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی، جبکہ جنوبی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت، کرک اور کوہاٹ میں بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔