اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سالانہ تین کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے لیے اہم فیصلہ سامنے آیا ہے، جنہیں اب “مائیکرو انٹرپرائزز” کا درجہ دے کر اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے دائرہ اختیار میں شامل کر لیا گیا ہے۔یہ فیصلہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سمیڈا کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ادارے میں اصلاحات، نئی پالیسیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کا اہم ستون ہیں، حکومت ان شعبوں کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور معیشت میں استحکام آئے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جن اداروں کا سالانہ کاروباری حجم تین کروڑ روپے تک ہے، انہیں اب سمیڈا کی معاونت میسر آئے گی۔ اس کے علاوہ خواتین کاروباری شخصیات کے لیے ایک مخصوص ڈیجیٹل پورٹل بھی جلد متعارف کروایا جائے گا، جبکہ ویمن انٹرپرینیورشپ پالیسی کا مسودہ بھی تیار ہے، جسے منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ سمیڈا کریڈٹ اسکورنگ ماڈل، برآمدات میں اضافے کے منصوبے اور سب کنٹریکٹنگ کے قانونی فریم ورک پر کام آؤٹ سورس کر چکا ہے، جبکہ ادارہ شماریات کے تعاون سے معیشت کے 20 مختلف شعبوں کا جامع سروے بھی کروایا جا رہا ہے تاکہ پالیسی سازی میں مدد مل سکے۔