ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے متوقع دورے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو ایک نئی سطح تک لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی خواہش ہے کہ دو طرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک وسعت دی جائے۔
صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کا دورہ پاکستان، باہمی تجارت اور اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانے کی ایک اہم کوشش ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سرحدی سیکیورٹی، علاقائی استحکام اور باہمی تعاون کے امور بھی گفت و شنید کا حصہ ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی منڈیوں کے قیام اور زمینی رابطوں کے ذریعے نئی تجارتی راہیں کھل سکتی ہیں، جو دونوں ممالک کے مفاد میں ہوں گی۔
ایرانی صدر نے واضح کیا کہ ایران چین کے سلک روڈ منصوبے (Belt and Road Initiative) میں پاکستان کے ذریعے شمولیت کا خواہاں ہے، تاکہ نہ صرف علاقائی ممالک بلکہ یورپ سے بھی تجارتی تعلقات مضبوط کیے جا سکیں۔