اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ریکوڈک کے معدنی ذخائر سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔ معروف کینیڈین کان کنی کمپنی “بیرک گولڈ” کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک بیرسٹو نے کہا ہے کہ ریکوڈک سے تقریباً 70 ارب ڈالر مالیت کا سونا اور تانبا نکالنے کی صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے یہ بات “جیو نیوز” کے اینکر شہزاد اقبال کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہی۔ مارک بیرسٹو کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی عالمی سطح پر، بالخصوص سعودی عرب اور امریکہ سے سرمایہ کاری کی خواہاں ہے اور اس کا خیر مقدم کرے گی۔
یاد رہے کہ بیرک گولڈ نے پاکستان میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر پر کام کرنے کی حامی بھر لی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کمپنی ریکوڈک پروجیکٹ میں تقریباً 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔
اس معاہدے کے تحت بیرک گولڈ کو منصوبے میں 50 فیصد حصہ دیا گیا ہے، جب کہ باقی نصف حصہ حکومتِ پاکستان اور بلوچستان حکومت کے پاس ہوگا۔ کمپنی کے مطابق ریکوڈک منصوبے کا پہلا مرحلہ 2025 میں فعال ہوگا، اور 2028 تک پہلی پیداوار کی توقع کی جا رہی ہے۔