اسلام آبا(این این آئی)حکومتی دعووں اور اعلانات کے باوجود شہری بدستور 180 روپے تک فی کلو مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔ادارہ شماریات نے چینی کی قیمتوں کے تازہ اعدادو شمار جاری کردئیے جس کے مطابق ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 180 روپے تک ہے، نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے چینی کی ریٹیل قیمت 164 روپے فی کلو مقرر کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ وفاقی وزیر نیشنل فوڈسیکیورٹی رانا تنویر نے ملک میں چینی کی قیمت 163 روپے فی کلو ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔
پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت میں 8 روپے فی کلو اضافے سے 158 روپے فی کلو ہوگئی، گزشتہ ہفتے تک یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت 150 روپے فی کلو تھی۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ کی اوسط قیمت کے مقابلے یوٹیلیٹی سٹورز پرچینی 10 روپے68 پیسے سستی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 180 روپے اور اوسط قیمت 168 روپے 80 پیسے فی کلو ہے۔ادارہ شماریات کے ڈیٹا کے مطابق کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پرمجبور ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی اوسط قیمت میں ایک روپے 61 پیسے فی کلو کمی ہوئی، جس کے بعد ملک میں چینی کی اوسط قیمت 168 روپے 80 پیسے فی کلو پر آگئی، گزشتہ ہفتے تک چینی کی اوسط قیمت 170 روپے 41 پیسے فی کلو تھی جبکہ ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط قیمت 142روپے91پیسے فی کلو تھی۔