اسلام آباد (این این آئی)کورونا وائرس سے ایف بی آر کی ماہانہ ٹیکس وصولی میں نمایاں کمی ،ایف بی آر نے مارچ میں 325 ارب روپے کا ٹیکس وصول کیا ۔ذرائع کے مطابق مارچ میں ایف بی آر کیلئے ٹیکس وصولی کا ہدف 525 ارب روپے تھا۔ ذرائع کے مطابق مارچ میں ہدف کے مقابلے میں ٹیکس وصولی میں 38 فیصد یا 200 ارب روپے کی کمی ہوئی ۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے
9 ماہ میں 3050 ارب روپے ٹیکس جمع کر لیا ۔ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں ٹیکس وصولی ہدف سے 470 ارب روپے کم رہی۔ذرائع کے مطابق ملک میں معاشی سرگرمیوں میں کمی کے باعث رواں مالی سال کے ٹیکس ہدف 55 ہزار ارب روپے سے کم کر کے 52 ہزار ارب روپے کم کر دیا گیا تھا۔ حکام ایف بی آر نے بتایاکہ کورونا وائرس سے پیدا معاشی بحران کی وجہ سے ٹیکس ریونیو پر منفی اثر پڑا، نظرثانی شدہ سالانہ ہدف پورا کرنے کئے آخری سہہ ماہی میں 2178 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرنا ہوگا ۔ذرائع نے بتایاکہ کورونا وائرس کے باعث غیر سرکاری اندازہ کے مطابق آئندہ سہ ماہی میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولی میں 300 ارب روپے کی کمی آ سکتی ہے ،حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان کورونا وائرس کے باعث رواں مالی سال کیلئے ٹیکس وصولی کا نیا نظر ثانی شدہ ٹیکس ہدف 10 اپریل تک طے پانے کا امکان ہے ،رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں سیلز ٹیکس 20 فیصد اضافہ کے ساتھ 1250 ارب روپے حاصل کیے گئے ۔ذرائع کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا مارچ انکم ٹیکس وصولی 16 فیصد اضافہ کے ساتھ 1139 ارب روپے رہی ۔ذرائع نے بتایاکہ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں کسٹم ڈیوٹی 7 فیصد کمی کے ساتھ 471 ارب روپے رہی جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 188 ارب روپے حاصل کیے گئے ۔