لاہور( این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے تین روزہ 37ویں عالمی نمائش ستمبر میں منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سمیت دیگر ادارے ماضی کی طرح امسال بھی نمائش کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں گے ۔ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک،قمر ضیاء، ریاض احمد، سعید خان ،ملک اکبر، کامران رازی، خواجہ خالد رشید، ریاض الحسن سمیت دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں قالینوں کی 37ویں عالمی نمائش کی حتمی تاریخوں ،بھارت کی جانب سے دانستہ طور پر پاکستانی نمائش کو سبوتاژ کرنے کیلئے متوقع منفی ہتھکنڈوں، مختلف ممالک کے خریداروں اور مندوبین سے رابطوں، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے فنڈز کے اجراء سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں منعقدہ عالمی نمائش کی کامیابی اور غیر ملکی خریداروں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ نمائش کی کامیابی کارپٹ انڈسٹری کیلئے تقویت کا باعث بنے گی اس لئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے درخواست ہے کہ بھرپور تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کی جائے ۔اعجاز الرحمان نے کہا کہ نمائش کی سو فیصد کامیابی کیلئے ہمیں اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا اور اس کیلئے آنے والے دنوں میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ۔سینئر ممبر ریاض احمد نے تجویز دی کہ پاکستان میں موجود غیر ملکی جبکہ بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں سے رابطے بڑھائے جائیں اور نمائش کی تشہیر کے ساتھ پاکستانی قالینوں کی مصنوعات کی سی ڈیز فراہم کی جائیں ۔اجلاس میں دیگر شرکاء کی جانب سے بھی تجاویز دی گئیں جن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔