اسلام آباد (آن لائن) خیبر پختونخوا حکومت اور کوریا نے پن بجلی معاہدہ پر دستخط کر دیے۔ معاہدے کے تحت 197 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ کالام میں قائم ہونے والے منصوبے پر 50 ارب روپے خرچ ہوں گے جبکہ صوبائی حکومت کو 35 کروڑ روپے سالانہ آمدن ہو گی۔دستخط کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ 5 سال میں 2200 میگاواٹ کے معاہدوں پر دستخط کر چکے ہیں۔ دیگر ذرائع سے بجلی مہنگی پیدا ہوتی ہے،
اس لیے سستی بجلی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کہتی ہے کہ ہم نے لوڈشیدنگ ختم کر دی لیکن بجلی پوری بھی ہو جائے پھر بھی لوڈشیڈنگ ہو گی کیونکہ سسٹم کو اپ گریڈ نہیں کیا گیا۔ ہمارے صوبے کو 2400 میگاواٹ بجلی درکار ہے، مگر ہم 1800 میگاواٹ سے زیادہ بجلی اٹھا نہیں سکتے، ہم مسلسل لوڈشیڈنگ برداشت کر رہے ہیں۔